1. This site uses cookies. By continuing to use this site, you are agreeing to our use of cookies. Learn More.
  2. آپس میں قطع رحمی نہ کرو، یقینا" اللہ تمہارا نگہبان ہے۔یتیموں کا مال لوٹاؤ، اُن کے اچھے مال کو بُرے مال سے تبدیل نہ کرو ۔( القرآن)

  3. شرک کے بعد سب سے بڑا جرم والدین سے سرکشی ہے۔( رسول اللہ ﷺ)

  4. اگر تم نے ہر حال میں خوش رہنے کا فن سیکھ لیا ہے تو یقین کرو کہ تم نے زندگی کا سب سے بڑا فن سیکھ لیا ہے۔(خلیل جبران)

پیاسا کوا از قلم ساجدہ غلام محمد

'بچوں کی دنیا' میں موضوعات آغاز کردہ از علی مجتبیٰ, ‏نومبر 23, 2017۔

  1. علی مجتبیٰ

    علی مجتبیٰ مدیر Staff Member

    پیاسا کوا (لوک کہانیاں، نئے انداز میں!)
    رائٹر :ساجدہ غلام محمد
    پیارے بچو! ایک تھا پیارا سا، چھوٹا سا کوا. اس کا نام کیا رکھیں؟؟ چلیں، اس کا نام ہم رکھ دیتے ہیں کالو!
    تو پیارے بچو! ایک تھا پیارا سا، چھوٹا سا 'کالو' نام کا کوا!!!
    ویسے تو وہ بہت اچھا کوا تھا لیکن اس میں بس ایک بُری عادت تھی. وہ بڑوں کی بات دھیان سے نہیں سنتا تھا. اور جو بات دھیان سے نہ سنی جائے تو وہ یاد بھی نہیں رہتی. ہے ناں؟
    ایک دن کالو کے دادا نے اس سے کہا،
    "کائیں کائیں کائیں! کالو بیٹا! میری بات دھیان سے سنو. جب برتن میں تھوڑا سا پانی ہو اور آپ کی چونچ اس تک نہ پہنچے تو برتن میں بہت سے پتھر ڈال لو. لیکن پہلے پتھروں کو چونچ سے اچھی طرح صاف ضرور کر لینا ورنہ پانی گندا ہو جائے گا. گندا پانی نہیں پینا چاہیے. "
    " ٹھیک ہے دادا جی. کائیں کائیں. " کالو نے کہا. لیکن اس وقت اپنے پر صاف کر رہا تھا اس لیے ان کی بات دھیان سے نہیں سنی.
    کچھ دن بعد وہ سیر کرنے کے لیے نکلا اور اڑتا اڑتا بہت دور چلا گیا. اس نے بہت سے پھل اور کیڑے کھائے. اور تو اور، ایک بچہ روٹی کھا رہا تھا، کالو نے چپکے سے اس کی روٹی بھی کھا لی! شرارتی کالو!!
    وہاں سے اڑا تو ایک درخت پر بیٹھ گیا.
    "اوہ. مجھے تو اب پیاس لگی ہے." کالو نے سوچا اور پانی ڈھونڈنے لگا. لیکن اسے کہیں پانی نظر ہی نہیں آیا. وہ پارک میں گیا، اسکول میں گیا، ایک گھر کی چھت پر بھی بیٹھا لیکن اسے کہیں پانی نہیں ملا.
    "اف! میں کیا کروں اب؟ کائیں کائیں. گھر بھی بہت دور ہے. مجھے پینے کے لیے پانی بھی نہیں مل رہا. " وہ اداس ہو گیا تھا. اچانک اس کی نظر صحن میں رکھے ایک مٹکے پر پڑی جس میں دے پانی کی چمک نظر آ رہی تھی.
    " مل گیا پانی! کائیں کائیں کائیں." کالو خوشی سے کائیں کائیں کرتا ہوا جلدی سے اس مٹکے کے پاس آیا لیکن.... اوہو... اس میں تو بہت تھوڑا پانی تھا، بہت ہی تھوڑا سا. کالو نے بہت کوشش کی لیکن اس کی چونچ میں پانی نہیں آیا.
    "ہائے کائیں! اب کیا کروں؟ " کالو نے تھوڑے سے پانی کو اداس ہو کر دیکھتے ہوئے کہا. اچانک اسے یاد آیا کہ اس کے دادا جی نے بتایا تھا کہ برتن میں پانی تھوڑا ہو تو اس میں کچھ ڈال دیں، اس سے پانی اوپر آ جاتا ہے.
    "لیکن کیا ڈالنا تھا؟ میں تو بھول گیا!!!" کالو نے سوچا، سوچا اور سوچا لیکن اسے یاد نہیں آیا.
    "شاید مٹی ڈالتے ہیں.... لیکن نہیں، مٹی سے تو پانی گندا ہو جائے گا! پھر...شاید گھاس ڈالتے ہیں لیکن گھاس تو اتنا ہلکا ہوتا ہے، اس سے پانی اوپر کیسے آئے گا؟؟" کالو اِدھر اُدھر پھدکتا ہوا سوچ رہا تھا.
    "اللہ جی! پلیز مجھے یاد آ جائے کہ دادا جی نے پانی میں کیا ڈالنے کو کہا تھا. بہت زیادہ پیاس لگ رہی ہے. آئندہ میں بڑوں کی باتیں بہت زیادہ دھیان سے سنا کروں گا تاکہ مجھے یاد رہیں. " اس نے اللہ جی سے دعا کی.... اور... اور اسے یاد آ گیا!
    " آہا!! مجھے یاد آ گیا! پانی میں پتھر ڈالتے ہیں! شکریہ اللہ جی! " کالو نے جلدی جلدی صاف ستھرے سے پتھر پیالی میں ڈالنے شروع کیے اور تھوڑی دیر میں پانی پتھروں کے وزن کی وجہ سے اوپر آ گیا. کالو نے مزے سے پانی پیا اور پُھررر سے 'کائیں کائیں' کرتا ہوا اُڑ گیا!!
    تو اب آپ کا کیا خیال ہے؟ بڑوں کی باتیں خوب دھیان اور توجہ سے سننی ہیں ناں تاکہ یاد رہیں؟ اور اگر کچھ یاد نہ آ رہا ہو تو اللہ جی سے دعا کریں، اللہ جی فوراً آپ کے دماغ میں وہ بات ڈال دیں گے!
    اللہ حافظ بچو! کائیں کائیں کائیں!!!
     
    عمراعظم نے اسے پسند کیا ہے۔
  2. عمراعظم

    عمراعظم یونہی ایڈیٹر Staff Member

    ایک مرتبہ کوئل نے کوے سے پوچھا کہ آپ نے شادی کیوں نہیں کی؟
    کوے نے جواب دیا۔۔۔۔ شادی کے بغیر ہی زندگی میں اتنی کائیں کائیں ہے تو شادی کے بعد کیا ہوگا۔
     

اس صفحے کو مشتہر کریں