1. This site uses cookies. By continuing to use this site, you are agreeing to our use of cookies. Learn More.
  2. آپس میں قطع رحمی نہ کرو، یقینا" اللہ تمہارا نگہبان ہے۔یتیموں کا مال لوٹاؤ، اُن کے اچھے مال کو بُرے مال سے تبدیل نہ کرو ۔( القرآن)

  3. شرک کے بعد سب سے بڑا جرم والدین سے سرکشی ہے۔( رسول اللہ ﷺ)

  4. اگر تم نے ہر حال میں خوش رہنے کا فن سیکھ لیا ہے تو یقین کرو کہ تم نے زندگی کا سب سے بڑا فن سیکھ لیا ہے۔(خلیل جبران)

عماد عاشق سے انٹرویو

'سوالات' میں موضوعات آغاز کردہ از عبدالرزاق قادری, ‏ستمبر 26, 2015۔

  1. عماد عاشق

    عماد عاشق یونہی ہمسفر

    آپ کا سوال پہلے ہی مجھ پر واضح تھا، بس میں ذرا اپنی حسِ مزاح کا مظاہرہ کر رہا تھا۔ لیکن اگر آپ سنجیدہ جواب کے خواہاں ہیں تو جناب عرض یہ ہے کہ تھوڑا بہت تعلق باورچی خانے سے ہے۔ اگر کبھی ضرورت محسوس ہو تو اتنا اہتمام کرلیتا ہوں کہ اپنی یا کسی آئے ہوئے مہمان کی خاطر مدارت کرلوں۔
     
    بینا اور زبیر .نے اسے پسند کیا ہے۔
  2. عبدالرزاق قادری

    عبدالرزاق قادری یونہی ایڈیٹر

    1. بچپن میں گھر میں سے کون سی ہستی عزیز ترین تھی؟​
    2. اجداد کیسے لگتے تھے؟ ناصح یا شفیق لوگ؟​
    3. کوئی ماموں، خالہ، چاچو، تایا، پھوپھی اچھی لگتی تھی؟​
    4. مامی، خالو،چاچی، تائی، پھوپھا میں سے بھی کوئی؟​
    5. بچپن میں صنف نازک کی کشش؟ کوئی خاص شخصیت؟ ​
     
    بینا اور زبیر .نے اسے پسند کیا ہے۔
  3. عبدالرزاق قادری

    عبدالرزاق قادری یونہی ایڈیٹر

    • بچپن سے قوم و ملت کے بارے میں کیا سوچتے تھے؟​
    • کیا زندگی پھولوں کی سیج ہے؟​
    • کچھ عزیز دوست؟ نئے پرانے۔ مطلب تذکرہ آپ کے احباب کا۔۔۔۔۔۔۔​
    • انٹرنیٹ پر اردو بھلی لگی یا انگریزی؟​
    • بچپن میں عید کا انتظار کیسے کرتے تھے؟​
    • گرمی کی چھٹیوں کے بارے میں کیا رائے تھی؟​
    • کبھی گھر والوں سے مار پٹی ہو​
    • شاعری سے کیسے دوستی ہوئی؟​
    • تحریریں لکھنے کا آغاز کیسے ہوا؟​
     
    بینا اور زبیر .نے اسے پسند کیا ہے۔
  4. عماد عاشق

    عماد عاشق یونہی ہمسفر

    سوالات کے جوابات جلد ہی عرض کئے جائیں گے۔
     
    زبیر نے اسے پسند کیا ہے۔
  5. زبیر

    زبیر منتظم Staff Member

    اصل انٹرویو تو اب شروع ہوا۔۔۔ تیار کیجئے جوابات۔
     
  6. زبیر

    زبیر منتظم Staff Member

    اتنی دیر کیوں کی؟:hu
     
  7. عبدالرزاق قادری

    عبدالرزاق قادری یونہی ایڈیٹر

    پہلے میں انتظار کرتا رہا۔ پھر جوابات شروع ہوئے تب مصروفیت رہی۔ یہ انٹرویو کا سلسلہ اسی لئے چھیڑا ہے کہ آنا جانا لگا رہے۔ پہلے بھی حالات حاضرہ میں اپنے حالات و واقعات پوسٹ کرتا رہتا تھا لیکن اب دوسروں کے ساتھ سوال و جواب کی وجہ سے ایک گونہ دلچسپی بڑھتی جائے گی میری بھی اور دوسرا ارکانِ"یونہی" کی بھی۔​
     
    بینا اور زبیر .نے اسے پسند کیا ہے۔
  8. زبیر

    زبیر منتظم Staff Member

    ٹھیک فرمایا آپ نے۔
     
    عبدالرزاق قادری نے اسے پسند کیا ہے۔
  9. عماد عاشق

    عماد عاشق یونہی ہمسفر

    بچپن میں گھر میں سے کون سی ہستی عزیز ترین تھی؟

    بچپن میں مجھے اپنے والدین سے خاص انس تھا جو بفصلِ تعالیٰ آج بھی قائم ہے۔

    اجداد کیسے لگتے تھے؟ ناصح یا شفیق لوگ؟

    مجھے اپنے بڑے ہمیشہ ہی شفیق لگے ہیں۔

    کوئی ماموں، خالہ، چاچو، تایا، پھوپھی اچھی لگتی تھی؟

    جی مجھے اپنے منجھلے ماموں سے بہت محبت ہے، اللہ انہیں غریق ِ رحمت کرے۔آمین

    مامی، خالو،چاچی، تائی، پھوپھا میں سے بھی کوئی؟

    ان میں سے کسی کے ساتھ کوئی خاص شفقت کا تعلق نہیں، گو کہ سب کا ادب و احترام لازم سمجھتا ہوں۔

    بچپن میں صنف نازک کی کشش؟ کوئی خاص شخصیت؟

    میں طبیعتاََ حسن پرست واقع ہوا ہوں۔ اور صنفِ نازک کے لئے کشش بچپن ہی سے موجود ہے۔ جہاں تک شخصیت کی بات ہے، ماضی کا آئینہ اتنا دھندلا سا گیا ہے کہ کوئی خاص نام یا چہر ہ ذہن میں نہیں۔

    بچپن سے قوم و ملت کے بارے میں کیا سوچتے تھے؟

    میں ہمیشہ ہی سے پاکستان کو ایک مقدس سرزمین سمجھتا آیا ہوں۔ میرے اساتذہ اور والدین نے میری تربیت اس انداز سے کی کہ بچپن ہی سے مجھ میں اپنے ملک کے لئے بے انتہا محبت پیدا ہو گئی، جو بفضلِ رب تعالیٰ آج تک قائم ہے۔ اس سرزمین کے خلاف اٹھنے والے ہر قدم اور ہر آنکھ کو ملیامیٹ ہوجانا چاہئے، کیونکہ یہ پاک لوگوں کے رہنے کی جگہ ہے۔ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ آج اپنوں کی نااہلیوں نے اس ملک کو تباہ کرنے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا، لیکن بہر حال مثبت عزائم کااظہار کرنا ایک اچھی بات ہے۔

    کیا زندگی پھولوں کی سیج ہے؟

    زندگی کسی بھی طرح پھولوں کی سیج نہیں، قدم قدم پر ایسی منازل کا سامنا ہوتا ہے کہ اگر جرات و ہمت سے کام نہ لیا جائے تو شاید وجو د عدم میں تبدیل ہوجائے۔

    کچھ عزیز دوست؟ نئے پرانے۔ مطلب تذکرہ آپ کے احباب کا۔۔۔۔۔۔۔

    دوستوں کے معاملے میں قسمت مجھ پر مہربان رہی ہے۔ زندگی میں ہر منزل پر ایسے لوگوں کا ساتھ ملا جنہوں نے میری بے پناہ مد د بھی کی اور راہنمائی بھی۔یہاں کچھ دوستوں کا ذکرِ خیر کرنا ضروری سمجھتا ہوں۔

    احمد زمان: موصوف کا تعلق میرے شہر سے ہے اور ہم دونوں اس وقت سے دوست ہیں جب ہماری زندگیاں غمِ روزگار سمیت ہر قسم کے غم سے محفوظ تھیں اور الحمداللہ آج ہم دونوں برسرِ روزگار ہیں۔ احمد ایک نہایت ہی خوبصور ت گلوکار، انتہائی محنتی اداکار ، اور ایک مشاق ہدایتکار ہے۔ آج ہماری دوستی کو کم و بیش 10 سال بیت چکے ہیں۔

    مجیب احمد ولانا: موصو ف کا تعلق ایک زمیندار خاندان سے ہے، پچھلے سات برس سے ہم دوست ہیں، گو کہ ان سات برسوں میں ہماری دوستی نے کافی اتار اور تھوڑے بہت چڑھاؤ دیکھے ہیں۔ مجیب اسلام آباد میں ایک نجی جامعہ میں زیرِ تعلیم ہے۔

    محمد علی غوری: ان صاحب سے میری دوستی کوئی 5 سال پہلے ہوئی، اعلیٰ ثانوی تعلیمی درجے میں میرے ہم جماعت تھے، وہیں سے ہم جولیوں کا سفر شروع ہوا جو آج تک قائم ہے۔ یہ بھائی صاحب لاہور میں زیرِ تعلیم ہیں۔

    انس رمضان: ان حضرت کے ساتھ اپنا معاملہ کچھ عجب سا ہے۔ 3 برس پہلے جب میں 'اعلیٰ تعلیم' کے لئے لاہور آیا تو جامعہ پنجاب میں ان سے ملاقات ہوئی۔ موصوف ساہیوال سے تعلق رکھتے ہیں اور آج کل لاہور یونیورسٹی آ ف مینجمنٹ سائنسز میں زیرِ تعلیم ہیں۔ معاملہ کچھ اس طرح سے مختلف ہے کہ شروع میں حضرت کے ساتھ میری نہ بنتی تھی لیکن رفتہ رفتہ تعلقات بہتر ہوتے گئے اور معاملہ یہاں تک آیا کہ صبح اکٹھے اقامت گا ہ سے نکلتے اور رات 12 بجے اکٹھے واپس داخل ہوتے۔ لاہور میں سیرو تفریح کا ارادہ ہو تو میری نگاہیں موصوف کی طرف ہی اٹھتی ہیں۔ ایک اور بات یہ کہ یہ وہ حضرت ہیں کہ جن کے ساتھ اکثر معاملات میں مجھے شدید اختلافات ہیں ، لیکن اس کے باوجود ہم دوست ہیں، جو کہ فی زمانہ ایک انوکھی بات ہے۔

    شہباز صدیق: ان حضرت کا تعلق راولپنڈی سے ہے لیکن روزگار اور تعلیم کے حصول لے لئے لاہور میں رہ رہے ہیں۔ میری اقامت گا ہ کے رہائشی ہیں، نہایت ہی ملنسار اور شفیق انسان ہیں۔ معاملہ یہاں بھی کچھ ایسا ہے کہ اختلافات کے باوجود تعلقات نہایت خوشگوار ہیں۔

    اگر کسی دوست کا تذکرہ رہ گیا ہوتو معذرت قبول فرمائیے۔

    انٹرنیٹ پر اردو بھلی لگی یا انگریزی؟

    اردو اور انگریزی – دونوں زبانیں ہی مجھے پسند ہیں اور جہاں تک انٹرنیٹ کا تعلق ہے، تویہاں انگریزی زبان نے زیادہ متاثر کیا۔

    بچپن میں عید کا انتظار کیسے کرتے تھے؟

    عید کے حوالے سے بچپن کی کوئی یاد میری یاداشت میں محفوظ نہیں، ماسوائے گائے سوپ اور لاڈوسوپ کے اشتہارات کے، جو عید والے دن ٹی وی پر چلا کرتے تھے۔

    گرمی کی چھٹیوں کے بارے میں کیا رائے تھی؟

    جہاں تک گرمیوں کی چھٹیوں کا تعلق ہے، تو عرض کچھ اس طرح ہے کہ جب گرمیوں کی چھٹیاں قریب آتی تھیں، تو مجھے بہت انتظار ہوتا تھا۔ چھٹیاں شروع ہونے کے ساتھ ہی میں تعطیلات میں کرنے والا کام کچھ ہی دن میں ختم کرلیتا تھا (جو عام طور پر سکولوں میں دیا جاتا ہے۔) اور پھرمیں ساری چھٹیاں اس انتظار میں گزار دیتا کہ اب سکول کب کھلیں گے۔ الغرض کہ مجھے گرمیوں کی چھٹیوں سے خاص شغف نہیں تھا۔

    کبھی گھر والوں سے مار پٹی ہو

    ایسا واقعہ کبھی کبھار نہیں بلکہ ایک عرصے تک اکثر و بیشتر پیش آتا رہا ہے۔ زیادہ تر ایسا ہو ا کہ مجھے اپنی خراب لکھائی کی وجہ سے مار پڑی اور بہت پڑی۔ دو ایک مرتبہ سکول میں بھی ایسا واقعہ پیش آیا۔ اور ایک مرتبہ ایسا ہوا تھا کہ جھوٹ بولنے پر ابا جی سے مار پڑی تھی۔

    شاعری سے کیسے دوستی ہوئی؟

    سچی بات تو یہ ہے کہ ایک عرصے تک مجھے شاعری سے سخت نفرت رہی ہے، میں یہ سمجھتا تھا کہ یہ فضول لوگوں کا کام ہے اور وقت کے ضیاع کے سوا کچھ نہیں، سو احتیاط لازم ہے۔ مجھے اچھی طرح یاد ہے کہ جب میں اس دور میں (کہ جب مجھے شاعری سے نفرت تھی) شیخوپورہ میں قائم سرکاری کتب خانے میں جایا کرتا ، اور وہاں کسی کو شاعری کی کوئی کتاب پڑھتا دیکھ لیتا (خصوصاََ رومانوی شاعر ی کی) تو مجھے لگتا کہ یہ قاری نہایت کاہل اور فضول قسم کا آدمی ہے۔

    یہ غالباََ 2005 یا 2006 کی بات ہے۔ میں تب تیرہ یا چودہ برس کا تھا۔ ایک دن اخبار کا مطالعہ کرتے ہوئے ایک خبر میری نظر سے گزری کہ قومی نشریاتی ادارے کا مشہور و معروف سلسلہ 'طارق عزیز شو' دوبارہ سے شروع ہو رہا ہے اور اس مرتبہ اس کا نام 'بزمِ طارق عزیز ' ہوگا۔ ساتھ ہی صاحب ِ سلسلہ جناب طارق عزیز صاحب کا بیان درج تھا کہ پروگرام میں ایک مرحلہ بیت بازی کے لئے بھی مختص کیا گیا ہے تاکہ نئی نسل کو شعر و ادب سے روشناس کروایا جائے ۔ یہ بیان پڑھ کر میں زیرِ لب مسکرایا اور سوچا کہ نئی نسل اب بھلا کیونکر روشناس ہونے لگی شاعری سے۔

    لیکن ہوتا وہی ہے جو منظورِ خدا ہوتا ہے۔ سلسلے کا آغاز ہوا۔ اور حسبِ بیان اس میں بیت بازی کا مرحلہ شامل تھا۔ ایک دن اسی سلسلے میں کسی نے بشیر بدر صاحب کا ایک شعر پڑھا جو مجھے متاثر کر گیا، شعر کچھ اس طرح تھا :

    یوں ہی بے سبب نہ پھر ا کرو، کوئی شام گھر بھی رہا کر

    وہ غزل کی سچی کتاب ہے ، اسے چپکے چپکے پڑھا کرو

    بس پھر یہ معاملہ رفتہ رفتہ آگے بڑھتا رہا۔ میں اپنے اسکول کے کتب خانے پہنچا اور وہاں ایک کتاب پر نگاہ پڑی۔ فہرست دیکھنے پر معلوم ہوا کہ اس کتاب میں مختلف شعرا کرام کا منتخب کلام حروفِ تہجی کے اعتبار سے شامل کیا گیا ہے۔ اس کتاب کا مطالعہ کرنے سے شعرو سخن کی طرف مزید جھکاؤ ہوا۔ اسکول میں میری کافی چلا کرتی تھی، کیونکہ میں اساتذہ کرام کے کافی قریب تھا، اور میری ہی سفارش پر کچھ ہی دن بعد بیت مازی کا مقابلہ کروایا گیا، جو میں نے با آسانی جیت لیا۔ اگلے سال جب مقابلہ ہوا تو میں نے اس میں حصہ لینے کی بجائے نقابت کے فرائض سر انجام دئیے۔ رفتہ رفتہ ناصر، اقبال، اور غالب کے کلام (مع شرح ) کا مطالعہ کیا اور یہ سلسلہ آج تک جاری و ساری ہے۔

    تحریریں لکھنے کا آغاز کیسے ہوا؟

    اسکول کے زمانے سے ہی لکھنے کا شوق تھا ۔ اس دور میں کہانیاں بھی لکھیں، خاکے بھی لکھے، مضامین بھی لکھے، مقابلہ جات میں حصہ لے کر نمایاں مقام بھی حاصل کیا۔ اللہ کا کرم یہ کہ ہر موڑ پر حوصلہ افزائی کرنے والے میسر رہے۔ بی۔کام میں کچھ کہانیاں لکھیں اور آج تک یہ سلسلہ جاری ہے۔ میں تو یہ کہوں گا کہ وہ شعر ہو یا نثر، میں نے کبھی چاہ کر نہیں لکھا۔ ہمیشہ یہ ہوا ہے کہ میرے ذہن میں کوئی خیال ، کوئی پلاٹ آیا ہے، اور پھر میرا قلم خود بہ خود رواں ہوا، اور یہی وجہ ہے کہ میں پیشہ ور لکھاری نہیں بن سکتا۔
     
    بینا، تجمل حسین اور زبیر نے اسے پسند کیا ہے۔
  10. زبیر

    زبیر منتظم Staff Member

    زیادہ تر دل کی سنتے ہیں یا دماغ کی اور اگر اس حوالے سے کوئی خاص واقع بھی یاد ہو تو بتائیے؟
     
    بینا نے اسے پسند کیا ہے۔
  11. عبدالرزاق قادری

    عبدالرزاق قادری یونہی ایڈیٹر

    آپ نے سب سے پہلی تحریر کون سی اور کس موضوع پر لکھی تھی؟

    اپنے اردو الفاظ کی نوک پلک کیسے سنوارنا سیکھی؟

    آپ کس ادیب سے متاثر ہیں؟

    آپکا پسندیدہ شاعر؟

    کس عالم دین کے طریقہ تبلیغ کو آپ تہنیت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں؟

    آپ کے اساتذہ میں سے جید کے اسماء گرامی؟​
     
    بینا نے اسے پسند کیا ہے۔
  12. عماد عاشق

    عماد عاشق یونہی ہمسفر

    میں اس سوال کو اس طرح سمجھوں گا کہ عقل و فہم سے کام لیتا ہوں یا جذباتی آدمی ہوں کیونکہ دل جذبات کا اور دماغ فہم کا استعارہ ہے۔ اب آتے ہیں جواب کی طرف ۔ گو کہ میں طبعاََ جذباتی آدمی ہوں لیکن فیصلہ سازی کےمعاملے میں میں خرد سے کام لیتا ہوں اور دوستوں سے صلاح بھی کرلیتا ہوں۔
     
    بینا، زبیر اور عبدالرزاق قادری نے اسے پسند کیا ہے۔
  13. عماد عاشق

    عماد عاشق یونہی ہمسفر

    آپ نے سب سے پہلی تحریر کون سی اور کس موضوع پر لکھی تھی؟
    جہاں تک یاداشت میرا ساتھ دیتی ہے، میری پہلی تحریر ایک مزاحیہ خاکہ تھا جو میں نے اسکول کے ایک فنکشن کے لئے تحریر کیا تھا۔

    اپنے اردو الفاظ کی نوک پلک کیسے سنوارنا سیکھی؟

    اخبار اور کتب کا مطالعہ، لغت کا استعمال ، اور اہلِ علم کی صحبت سے میری تحاریر میں نکھار آیا۔

    آپ کس ادیب سے متاثر ہیں؟

    ہاشم ندیم، احمد ندیم قاسمی، اور ابنِ انشاء کاکام اچھا لگا۔

    آپکا پسندیدہ شاعر؟

    اگر شاعر کی بات کریں تو غالب سے زیادہ مجھے کوئی محبوب نہیں اور اگر فلسفی شاعر کی بات کرے تو علامہ اقبال میرے راہنماو مرشد ہیں۔ میں نے اقبال کی شاعری سے بہت کچھ سیکھا ہے جو کہ ظاہر ہے کہ پسندیدگی کے سوا ممکن نہیں۔

    کس عالم دین کے طریقہ تبلیغ کو آپ تہنیت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں؟

    مجھے سید شاہ تراب الحق قادری دامت برکاتہم عالیہ کا طریقہِ تبلیغ نہایت پسند ہے۔ حضرت کی ایک ویب سائٹ ہے جہاں ہزاروں سوالات کے جوابات موجود ہیں اور یہ وہ سوالات ہیں جو لوگوں نے ارسال کئے ہیں۔ اس کے علاوہ ان کی کتب کا مطالعہ بھی میں نے کیا ہے۔ شاہ صاحب قبلہ نہایت ہی رواں قلم رکھتے ہیں اور تمام مسائل کو تفصیلاََ اور عام فہم انداز میں بیان فرماتے ہیں۔


    آپ کے اساتذہ میں سے جید کے اسماء گرامی؟

    جناب سید شرجیل کامران (بیکن ہاؤس، پنجاب کالج)
    جناب محمد سلیم اختر (بیکن ہاؤس)
    جناب فرخ حمید (پنجاب کالج)
    جناب محمد نعیم (پنجاب کالج)
    جناب کامران امجد (پنجاب کالج)
    جناب محمد عثمان (ہیلی کالج)
    جناب ساجد جاوید اکبر (ہیلی کالج)
    جناب حافظ ظفر احمد (ہیلی کالج)
    جناب محمد عامر (ہیلی کالج)
    جناب سید محمد نعیم (ہیلی کالج)
     
    بینا اور زبیر .نے اسے پسند کیا ہے۔
  14. عبدالرزاق قادری

    عبدالرزاق قادری یونہی ایڈیٹر

    آپ پاکستان کی سیاست کے بارے میں کیا خیالات رکھتے ہیں؟ کوئی پسندیدہ پارٹی یا لیڈر وغیرہ​
     
    بینا نے اسے پسند کیا ہے۔
  15. عماد عاشق

    عماد عاشق یونہی ہمسفر

    اس سوال کا جواب کافی تفصیل طلب ہے، تھوڑی فراغت حاصل ہو تو جواب عرض کرتا ہوں۔
     
    عبدالرزاق قادری نے اسے پسند کیا ہے۔
  16. عبدالرزاق قادری

    عبدالرزاق قادری یونہی ایڈیٹر

    اسی لئے یہ سوال اکلوتا ہے۔:)
     
    زبیر اور عماد عاشق .نے اسے پسند کیا ہے۔
  17. عماد عاشق

    عماد عاشق یونہی ہمسفر

    جہاں تک سیاسی خیالات کا تعلق ہے تو اس حوالے سے میں عرض کرنا چاہوں گا کہ میں سمجھتا ہوں کہ افراد کی سیای جماعتوں میں تقسیم انسانوں کے درمیان تفرقہ ڈالنے کے لئے پید ا کی گئی ہے۔ میں سمجھتا ہوں کہ ہمیں ایک ایسا سیاسی نظام تشکیل دینا چاہئے، جہاں امیدواران کی چھان پھٹک کا ایک مناسب نظام حرکت میں نظر آئے۔ گو کہ پاکستان کے آئین کی شقیں 62 اور 63 اسی مقصد کی تکمیل کے لئے ہیں، لیکن ان پر مکمل عمل درآمد نہیں ہے۔ میں سمجھتا ہوں کہ الیکشن کمیشن کو اتنا آزاد ہونا چاہئے کہ ایک معمولی افسر بھی اگر کسی جاگیردار کے کاغذاتِ نامزدگی مسترد کردے تو اس افسر کی جان و مال کو کوئی خطرہ نہ ہو۔ جب یہ عمل کیا جائے گا، تو امید کی جاتی ہے کہ ہم ایسے امیدواران سامنے لاسکیں گے جو صاف کردار رکھتے ہوں گے، جنہوں نے کبھی محصول نہ بچایا ہوگا، جنہوں نے کبھی کسی کی زمین پر قبضہ نہیں کیا ہوگا، جن کے ڈانڈے قاتلوں ، چوروں ، ڈکیتوں ، اور بدمعاشوں سے نہیں ملتے ہوں گے۔ انتخابات غیر جماعتوں پر ہونے چاہئے اور دانشور حضرات کو لوگوں کو اتنا شعور دینا چاہیے کہ وہ برادری ، ذات ، رنگ، اور نسل کی بنیاد کی بجائے کردار کی بنیاد پر ووٹ دیں ۔ میرا خیال ہے کہ تب ہی ایک ایسا نظام بنے گا جو نظام ِ خلافت کے قریب تر ہوگا۔
     
  18. عبدالرزاق قادری

    عبدالرزاق قادری یونہی ایڈیٹر

    عماد عاشق
    زندگی کا کوئی ایسا کارنامہ جس پہ آپ کو فخر ہو؟ یا کوئی شاندار کامیابی​
     
    Last edited: ‏اکتوبر 12, 2015
    بینا نے اسے پسند کیا ہے۔
  19. ماہی

    ماہی مدیر Staff Member

    عماد عاشق
    اس سوال کا جواب نہ ملنے پر یا تاخیر پر ہم کچھ غلط بھی سمجھ سکتے ہیں :p
     
    تجمل حسین اور عبدالرزاق قادری .نے اسے پسند کیا ہے۔
  20. ماہی

    ماہی مدیر Staff Member

    میرا ایک اکلوتا سوال۔۔۔۔ تگڑے سے تفصیلی جواب کی امید کے ساتھ!

    "عماد عاشق کون ہے؟"
     
    بینا، عبدالرزاق قادری اور زبیر نے اسے پسند کیا ہے۔

اس صفحے کو مشتہر کریں