1. This site uses cookies. By continuing to use this site, you are agreeing to our use of cookies. Learn More.
  2. آپس میں قطع رحمی نہ کرو، یقینا" اللہ تمہارا نگہبان ہے۔یتیموں کا مال لوٹاؤ، اُن کے اچھے مال کو بُرے مال سے تبدیل نہ کرو ۔( القرآن)

  3. شرک کے بعد سب سے بڑا جرم والدین سے سرکشی ہے۔( رسول اللہ ﷺ)

  4. اگر تم نے ہر حال میں خوش رہنے کا فن سیکھ لیا ہے تو یقین کرو کہ تم نے زندگی کا سب سے بڑا فن سیکھ لیا ہے۔(خلیل جبران)

تعارف

'میرا تعارف' میں موضوعات آغاز کردہ از عمراعظم, ‏نومبر 29, 2016۔

  1. عمراعظم

    عمراعظم یونہی ایڈیٹر Staff Member

    تعارف​

    سوچا ہے کہ اب اپنا تعارف پیش کر ہی دینا چاہیئے۔تاخیر کی وجہ تو یہی تھی کہ فورم پر سب لوگ مجھے جان ہی چکے تھے ،لیکن رسمِ دنیا بھی تو کوئی چیز ہوتی ہے صاحب۔۔ زبیر بھائی نے ایک یا دو مرتبہ یاد دہانی بھی کروائی،میں نے وعدہ بھی کیا ۔لیکن وہ وعدہ ہی کیا جو وفا ہو گیا کے مترادف یہ سانحہ بھی ٹلتا ہی رہا۔اب جبکہ یہ دنیا فانی ہے کا مقولہ اپنی اصل حقیقت کے ساتھ سامنے نظر آنے لگا ہے،دل و ذہن پر اس وعدے کے بوجھ کو اُتار دینے میں ہی عافیت جانی۔۔۔" جب کشتی ڈوبنے لگتی ہے تب بوجھ اُتارا کرتے ہیں" سو خواتین و حضرات۔ (اب تو لے دے کر ایک ہی خاتون "یونہی" پر کبھی کبھار حاضری لگا جاتی ہیں۔۔ حضرات میں سے بھی اکثر حضرات بہت حضرت ہو گئے ہیں،جو اپنی اپنی کہہ کر اپنی راہ لیتے ہیں " اس کے باوجود آپ سب میری ہمت کی داد ضرور دیں گے کہ اس ماحول میں بھی " اندھے کو اندھیرے میں بہت دور کی سوجھی" بننے جا رہا ہوں۔)

    نام : محمد عمر اعظم خان

    (چونکہ پیدائش کے وقت خود اپنا نام رکھنے کا شعور نہیں رکھتا تھا اس لئے دادا مرحوم نے یہ نام تجویز فرمایا تھا۔نہ جانے کیا سوچا ہو گا اُنہوں نے یہ نام رکھتے وقت۔پاکستان اور دنیا کے کئی ممالک میں زندگی کا بڑا حصہ اسی نام کے ساتھ گزرا ہے۔یہ نام طویل عرصہ تک استعمال میں رہا، تعلیمی اسناد میں ،ملازمت کی فائلوں میں،پاسپوٹ اور شناختی کارڈ پر، رشتہ داروں ،عزیزوں اور دوستوں میں۔۔ اور پھر رفتہ رفتہ یہ نام اب گمنامی کی جانب گامزن ہے، عمو ما" اب یہ نام شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کی زینت ہی بن کر رہ گیا ہےچونکہ جو مجھے اس نام سے پکارتے تھے اُن میں سے اکثر دارِ فانی سے کوچ کر چکے ہیں۔۔ کچھ پردہ کرنے لگے ہیں اور اب میرا نام ۔۔۔۔ سنو جی۔۔ابو جی۔۔پاپا۔۔ڈیڈ۔۔بھائی جان ۔۔دادا ابو۔۔نانو۔۔ماموں۔۔ اورانکل ہی رہ گیا ہے۔)

    مذہب : اسلام
    ( یہ بتانے کی ضرورت تو نہیں لیکن پھر بھی شاید کسی کی دلچسپی کا باعث بنے۔۔ مسلمان اس لئے ہوا کہ اللہ تعالیٰ نے مسلمان گھرانے میں پیدا فرمایا، ورنہ نہ جانے کیا ہوتا۔ کئی نو مسلموں کو اسلام قبول کرتے دیکھا اور اُنہیں اپنے سے بہت بہتر عملا"مسلمان پایا ۔ عمل کے لحاظ سے بھی اور اسلام کے بارے میں جاننے اور جستجو کرنے کے حوالے سے بھی۔۔۔ورنہ تو حالت یہ ہے کہ بازار سے کوئی اہم چیز خریدنی ہو تو اُس کے بارے میں بہت تحقیق اور جستجو کی جاتی ہے لیکن مذہب کو اتنی اہمیت نہیں دی جاتی۔ دورِ جاہلیت کی طرح اپنے آباؤ اجداد کی معلومات پر ہی اکتفا کیا جاتا ہے یا پھر اپنی عقل اور اپنےشعور کوکسی کے حوالے کر دیا جاتا ہے یعنی جو "مزجِ یار میں آئے"۔اللہ ہم سب کو اپنی پناہ میں رکھتے ہوئے ہمارے دلوں اور ذہنوں کو کشادہ فرمائے۔تاکہ ہم سب میں یگانگت ، بھائی چارہ اور اللہ کی رسی کو مظبوطی سے تھا مے رکھنے کا شعور بیدار ہو سکے۔آمین۔۔۔۔۔ مختصرا" یہ کہ اسلام ہی وہ واحد مذہب ہے جو انسان کو انسانیت کی معراج تک پہنچنے میں معاون ثابت ہوتا ہے نیز اُس کی تمام تر ضروریات کو پورا کرتا ہے چاہے وہ معاشی ہوں یا معاشرتی ۔

    جائے پیدائش : سرگودھا۔۔ پاکستان


    عمر : 66 سال

    (نہ پیدا اپنی مرضی سے ہوا تھا اور نہ ہی رختِ آخرت کا اختیار دیا گیا ہے،پھر بھی عمرِ رفتہ کی 66 بہاریں اور خزائیں دیکھ چُکا ہوں۔اِن 66 سالوں سے کوئی شکایت تو نہیں ہے البتہ اِن میں سے سب سے اچھا بچپن تھا، والدین اور بھائی بہنوں کے ساتھ والا بچپن۔کاش یہ کبھی نہ گزرا ہوتا۔۔۔۔ شاید آپ لوگ مجھ سے اتفاق کریں کہ انسانی زندگی کے سفر کی مثال ایسی ہی ہے جیسے بلند و بالاپہاڑ کی چوٹی کو سر کرنا ہو۔۔ اس عمل میں اکثر بچپن اور جوانی کام آ جاتے ہیں اور بڑھاپے میں اس چوٹی سے نیچے اُترنے کا عمل شروع ہوتا ہے۔چوٹی تک پہنچنے کے لئے ایک عمر، محنت اور مشقت کو بروئے کار لانا پڑتاہے جبکہ اُترنے کا سفر بظاہر اتنا محنت طلب تو نہیں ہوتا البتہ احتیاط کی ضرورت ہوتی ہےتا کہ اس عمل میں رفتار بے قابو نہ ہو جائے اور منزل تک پہنچنے سے قبل کسی حادثے کا شکار ہونے سے بچا جا سکے۔۔جبکہ انجام تو طے ہے لیکن بتایا نہیں گیا۔یہ ضرور بتایا گیا ہے کہ زندگی ایک امانت ہے جس میں خیانت سزا کی حقدار ہو گی۔ اس نیچے اُترنے کے عمل میں کبھی کبھی ایسا بھی ہوتا ہے کہ کہیں کہیں رُک کر ماضی کےدریچوں میں جھا نکنا اچھا لگتا ہے البتہ یہ دورانیہ اکثر بہت مختصر ہوتا ہے چونکہ وقت تو وقت ہے ،یہ رُکتا کہاں ہے۔)

    تعلیم : مکینیکل انجینئر

    طویل عملی زندگی سے اتنا ہی سیکھ پایا ہوں کہ تعلیم عمل کی قوت اور شعور کو بیدار کرنے کا نام ہے۔بصورتِ دیگر تعلیم وقت کا زیاں ہے۔آج کل تعلیم کو حصولِ معاش کا ذریعہ سمجھ لیا گیا ہے۔نتائج ہمارے سامنے ہیں۔آئے دن ڈاکٹروں کی ہڑتالیں اس کی ایک مثال ہیں۔پیسہ تو غلیظ کام کرنے والے بھی کما رہے ہیں۔

    مشغلہ : سب کو سیرابِ وفا کر کے پیاسا رہنا۔

    ( یونہی کو یونہی نہ سمجھ کراس کے سحر میں مبتلا رہنا)


    رہائش : راولپنڈی

    ( جی جی۔۔ شیخ رشید والی راولپنڈی۔۔۔ شیخ صاحب اور میں زمانہء طالب علمی میں ایک ہی کالج اور ایک ہی بیج میں تعلیم حاصل کرتے رہے ہیں)

    یونہی پر آمد

    چند سال پہلے" اردو محفل" پر موجود ایک ساتھی نے یہاں کی راہ دیکھائی اور پھر میں یہیں کا ہو کر رہ گیا ۔۔ البتہ مختلف مراحل پر "یونہی" آسیب زدہ نظر آئی۔ بقول شاعر۔۔ نہ جانے کون سا آسیب دل میں بستا ہے ۔۔۔ جو بھی آیا یہاں آخر مکان چھوڑ گیا۔

    حالانکہ یہاں جوگ دھارنے والے بھی ہیں۔اُن کی کرامات سے میں نے بھی بہت استفادہ کیا ہے البتہ آسیب کا علاج اُن کے پاس بھی نہ نکلا۔ بڑے خوبصورت ، ادبی ہمسفر یہاں آئے اور داغِ مفارقت دے گئے۔ کچھ تو یہاں کی قد آور شخصیات کی تاب نہ لا سکے۔ البتہ میری دعا ہے کہ "یونہی" ایک با مقصد ادبی فورم کے طور پر ترقی کرے اور اس عمل میں ہم سب کواپنی اپنی اہمیت ، انا اور تکبر کو بالائے طاق رکھ کر اسے خلوصِ دل سے آبیار کرنے میں اپنا حصہ ڈالنے کی توفیق عطا ہو۔آمین

    والسلام۔
     
    Last edited: ‏نومبر 30, 2016
    محمد اجمل خان، بینا، سیدعلی رضوی اور 2 دوسروں نے اسے پسند کیا ہے۔
  2. عمراعظم

    عمراعظم یونہی ایڈیٹر Staff Member

    شکریہ محترمہ @عنبرین صاحبہ۔۔۔ اتنے عرصہ بعد آپ کو یہاں دیکھ کر بہت خوشی ہوئی۔ اللہ آپ کو ہمیشہ صحت مند اور اپنی حفظ و امان میں رکھے۔آمین ۔۔۔اگرآپ کے لئے ممکن ہو تو ،اب آتی رہیئے گا!!
     
    بینا اور زبیر .نے اسے پسند کیا ہے۔
  3. سلطان حسین

    سلطان حسین یونہی ہمسفر

    واہ عمر بھائی کیا کہنا آپ کے تعارف کے سبحان اللہ آپ کا تعارف پڑھ کر مجھے بھی شہہ ملی اور میں نے بھی ایک چھوٹا سا تعارف کھ دیا آپ کی طرح تو نہیں بس کچھ کوشش ضرور کی ہے
     
    محمد اجمل خان, بینا, عمراعظم اور مزید ایک رکن نے اسے پسند کیا ہے۔
  4. سیدعلی رضوی

    سیدعلی رضوی یونہی ہمسفر

    اب میرا نام ۔۔۔۔ سنو جی۔۔ابو جی۔۔پاپا۔۔ڈیڈ۔۔بھائی جان ۔۔دادا ابو۔۔نانو۔۔ماموں۔۔ اورانکل ہی رہ گیا ہے۔
    آپ کی اس کیفیت سے متا ثر ہوکراور تو کچھ نہں کہہ سکتا کہ
    نام لے کر پکارا کیجیئے نا
    ورنہ میں نام بھول جاؤں گا
    ایسی حالت ہے اب مری حالت
    دن کہا رات بھول جاؤں گا

    لیکن جنا ب آپ کا معاملہ ہر گز ایسا نہیں عمر کے جس حصے میں آپ ہیں اس میں لو گ خود کو نا کارہ سمجھنے لگتے ہیں پھر بھی آپ نے خود کو توانا رکھا ہوا ہے اور متحرک بھی آپ زندہ ہیں اور دوسروں سے زیاد ہ زندہ کہ اپنی سانسیں ایک با مقصد کا م میں صرف کر رہے ہیں عمر جی ! اللہ جل و علی آپ کو خوش رکھے
     
    Last edited by a moderator: ‏مارچ 14, 2017
    محمد اجمل خان, بینا, عمراعظم اور مزید ایک رکن نے اسے پسند کیا ہے۔
  5. عماد عاشق

    عماد عاشق یونہی ہمسفر

    کیا کہنے جناب۔ اتنا منفرد تعارف شاید پہلے کبھی پڑھنے کو نہیں ملا۔ اللہ آپ کی عمر میں برکت عطا فرمائے۔
     
    محمد اجمل خان, بینا, عمراعظم اور مزید ایک رکن نے اسے پسند کیا ہے۔
  6. زبیر

    زبیر منتظم Staff Member

    سب سے پہلے تو کوتاہی پر معذرت ۔ :(
    اس کا مجھے بالکل بھی علم نہیں تھا۔۔
    آپ کے بارے میں کافی کچھ معلوم ہونے کے باوجود کافی کچھ معلوم نہیں تھا جس پر سے آپ نے یہاں پردہ اٹھایا۔راولپنڈی میں ہونے کی وجہ سے زندگی رہی تو کافی آسانی سے ملاقات ممکن ہے۔ میں اس سے پہلے تک یہی سمجھتا رہا کہ آپ کراچی میں موجود ہیں۔
    یہ آپ کی محبت ہے ۔۔ورنہ یونہی تو اکثر اکھڑی سانسیں لے رہا ہوتا ہے۔
    یہ چیز میرے لئے بھی بہت دکھ کر باعث ہوتی ہے جب کوئی ہمارے رویوں سے دل برداشتہ ہو کر یہاں آنا چھوڑ دے۔
    @عمراعظم بھائی آپ کے بارے میں اتنا تفصیل سے جان کر بہت اچھا لگا اور میں یہ امید کرتا ہوں اور آپ سے گزارش بھی کہ آپ یہاں سے دل برداشت نہ ہوئیے گا۔:)
     
    محمد اجمل خان، بینا اور عمراعظم نے اسے پسند کیا ہے۔
  7. زبیر

    زبیر منتظم Staff Member

    جناب آپ کا بے حد شکریہ ، آپ نے یہاں تبصرہ کیا اور اس لڑی کو سامنے لے کر آئے۔
     
    بینا اور عمراعظم .نے اسے پسند کیا ہے۔
  8. زبیر

    زبیر منتظم Staff Member

    رضوی صاحب آپ کا بھی شکریہ
     
    بینا اور عمراعظم .نے اسے پسند کیا ہے۔
  9. زبیر

    زبیر منتظم Staff Member

    جناب آپ تو غائب نہ ہوا کیجئے۔۔۔ @عمراعظم بھائی بالکل اکیلے رہ جاتے ہیں۔
     
    بینا اور عمراعظم .نے اسے پسند کیا ہے۔
  10. عمراعظم

    عمراعظم یونہی ایڈیٹر Staff Member

    شکریہ : زبیر بھائی ۔۔ اس ناچیز کی عزت افزائی کا۔۔ ان شاء اللہ آپ سے ملاقات بھی ہو گی۔ جب بھی پاکستان آئیں مطلع کریں تاکہ ملاقات کی سبیل پیدا کی جا سکے ۔
     
    بینا اور زبیر .نے اسے پسند کیا ہے۔
  11. عمراعظم

    عمراعظم یونہی ایڈیٹر Staff Member

    سلطان حسین بھائی ! آپ کی محبت کا مقروض رہوں گا۔ آپ جیسے وسیع القلب لوگ ہی ہمارے معاشرے کو مکمل ٹوٹ پھوٹ سے بچائے ہوئے ہیں۔آپ کے تعارف پر تبصرہ وہیں کرنا چاہوں گا۔اللہ آپ کو اپنی حفظ و امان میں رکھے۔آمین
     
    بینا اور زبیر .نے اسے پسند کیا ہے۔
  12. عمراعظم

    عمراعظم یونہی ایڈیٹر Staff Member

    بہت شکریہ جناب : سید علی وضوی ۔۔ میری کیفیت پر اس طرح شعری انداز میں تبصرہ کرنے اور حوصلہ افزائی کرنے کا۔۔۔ ایسا صرف کشادہ دل اور مخلص لوگوں کی صفات میں شامل ہوتا ہے۔ اللہ آپ کو اپنی رحمت کے سایہ میں رکھے۔آمین
     
    بینا، زبیر اور سیدعلی رضوی نے اسے پسند کیا ہے۔
  13. عمراعظم

    عمراعظم یونہی ایڈیٹر Staff Member

    شکریہ @عمادعاشق بھائی۔ یہ آپ کا حُسن نظر ہی ہے کہ میرے بے ربط سے تعارف کو منفرد کہا۔ اللہ آپ کی دعاؤں کو شرفِ قبولیت بخشے اور اس کی آپ کو جزائے خیر بھی عطا ہو۔آمین
    آپ کی "یونہی" کے لئے خدمات قابلِ تعریف ہیں۔اس جذبے کو زندہ رکھنا بھی آپ جیسے لوگوں کے بغیر ممکن نہیں ہے۔اللہ آپ کو ہمیشہ اپنی حفظ و امان میں رکھے۔آمین
     
    بینا، زبیر اور عماد عاشق نے اسے پسند کیا ہے۔
  14. سلطان حسین

    سلطان حسین یونہی ہمسفر

    تعارف ہی تعارف میں کتنے ہمسفروں سے ملاقات ہوئی یونہی کا یہی کمال کیا کم ہے اللہ ہم سب کو اپنے حفظ و امان میں رکھے ۔آمین
     
    بینا اور زبیر .نے اسے پسند کیا ہے۔
  15. زبیر

    زبیر منتظم Staff Member

    انشاء اللہ @عمراعظم بھائی
     
    عمراعظم اور بینا .نے اسے پسند کیا ہے۔
  16. بینا

    بینا مدیر Staff Member

    واہ واہ @عمراعظم بھائی آپ کا بہت شکریہ کہ اپنا اتنا تفصیلی اور منفرد تعارف فورم کی زینت بنایا، اور میری "پھرتی " کی داد دیں کہ لگ بھگ چار ماہ بعد اس لڑی کی جانب توجہ کرسکی ہوں ، معذرت خواہم۔
    "ایک ہی خاتون یونہی پر کبھی کبھار حاضری لگا جاتی ہیں " ۔۔۔۔ یہ میری دُکھتی رگ ہے :(
     
    عمراعظم اور زبیر .نے اسے پسند کیا ہے۔
  17. زبیر

    زبیر منتظم Staff Member

    دوسری خواتین بھی آپ کی دوستوں میں سے ہیں جن سے آپ کی بات ہو ان کو آنے کا کہتی رہا کیجئے۔
     
    عمراعظم اور بینا .نے اسے پسند کیا ہے۔
  18. بینا

    بینا مدیر Staff Member

    اس معاملے میں تو میری ہر آواز " صدا بہ صحرا " ہی ثابت ہوئی ۔۔۔:cry
     
    عمراعظم اور زبیر .نے اسے پسند کیا ہے۔
  19. زبیر

    زبیر منتظم Staff Member

    اس میں @جوگی کا بھی قصور ہے۔ جوگی جاتے ہوئے رونقیں بھی ساتھ لے جاتا ہے۔:confused:
     
    بینا نے اسے پسند کیا ہے۔
  20. بینا

    بینا مدیر Staff Member

    بات تو سچ ہے مگر۔۔۔۔۔ :(
    شاید کمپیوٹر کی عدم دستیابی @جوگی بابا کی فعالیت میں ایک بڑی رکاوٹ ہے۔ :oops:
    ہم سب دعاگو ہیں کہ یہ مسئلہ جلد از جلد حل ہوجائے آمین۔
     
    زبیر نے اسے پسند کیا ہے۔

اس صفحے کو مشتہر کریں